بغض و کینہ
سوال:کینہ کی تعریف کیا ہے؟
جواب: کینہ یہ کہ انسان اپنے دل میں کسی کو بوجھ جانے،اس سے غیر شرعی دشمنی و بغض رکھے،نفرت کرے اور یہ کیفیت ہمیشہ ہمیشہ باقی رہے۔
سوال:بغض و کینہ رکھنے کا شریعت میں کیا حکم ہے؟
جواب:کسی بھی مسلمان کے متعلق بلاوجہِ شرعی اپنے دل میں بغض وکینہ رکھنا نا جائز و گناہ ہے۔عارف باللہ علامہ عبدالغنی نابلسی حنفی علیہ رحمۃُاللہ القوی فرماتے ہیں:اگر حق و انصاف کی بات کرنے کے سبب کسی سے بغض و کینہ رکھے تو حرام ہے اور اگر کسی سے اُس کے ظلم کے سبب بغض رکھے تو جائز ہے۔
سوال: ادیث کریمہ میں بغض و کینہ کا کیا نقصان بیان ہوا ہے
جواب: بغض و کینہ کے نقصانات پر مشتمل دو احادیثِ مبارکہ یہ بھی ہیں
جس نے اس حال میں صبح کی کہ وہ کینہ پرور ہے تو وہ جنت کی خوشبو نہ سونگھ سکے گا
بغض و دشمنی رکھنے سے بچو!کیونکہ بغض دین کو مونڈ ڈالتا ہے یعنی تبا کردیتا ہے
سوال:صحابہ کرام سے بغض و کینہ رکھنا کیسا؟
جواب:سخت حرام ہے۔صدرالافاضل مفتی نعیم الدین مرادآبادی علیہ رحمۃ اللہ الھادی فرماتے ہیں:جو بد نصیب صحابہ کی شان میں بے ادبی کے ساتھ زبان کھولے وہ دشمن خدا اور رسول ہے۔مسلمان ایسے شخص کے پاس نہ بیٹھیں۔
سوال:سادات کرام سے بغض رکھنے کا کیا نقصان ہے؟
جواب:حدیث شریف میں ہے:جو شخص ہم سے بغض یا حسد کرے گا اسے قیامت کے دن حوضِ کو ثر سے آگ کے چابوُں کے ساتھ دور کیا جائے گا۔
سوال:علمائے کرام سے بغض رکھنے والے کا کیا حکم ہے؟
جواب: عالم دین سے(اگر بے سبب رنج)یعنی بغض رکھتا ہے تو مریض القلب،خبیث البا طن اور اس کے کفر کا اندیشہ ہے۔
سوال:اولیائے کرام سے بغض رکھنے پر کیا وعید ہے؟
جواب:حدیث شریف میں ہے :جو اللہ عزوجل کے کسی ولی سے دشمنی رکھے تحقیق اس نے اللہ عزوجل کے ساتھ اعلان جنگ کردیا۔ ابن ماجہ
سوال:کیا شب برأت میں بغض و کینہ رکھنے والے کی مغفرت ہو جاتی ہے
جواب:جی نہیں!حضور نبی محترم صلى الله عليه وسلم نے فرمایا:اللہ عزوجل شعبان کی پندرہویں رات اپنے بندوں پر خاص تجلی فرماتا ہے،مغفرت چاہنے والوں کی مغفرت فرماتا ہے اور رحم طلب کرنے والوں پر رحم فرماتا ہے جبکہ کینہ رکھنے والوں کو انکی حالت پر چھوڑ دیتا ہے۔
سوال:کیا اہلِ جنت کے درمیان بھی بغض و کینہ ہوگا؟
جواب:جی نہیں۔حدیث شریف میں ہے:اہلِ جنت میں آپس میں اختلاف نہ ہوگا،نہ بغض و کدورت۔سب کے دل ایک ہوں گے،صبح و شام اللہ عزوجل کی پاکی بیان کریں گے ۔
یا رب عزوجل ہمیں بغض اور کینہ کی بیماری سے بچا ، اور بغض اور کینہ کرنے والوں سے بھی محفوظ فرما آمین